اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سینیٹر فیصل واوڈا کی عدلیہ سے متعلق پریس کانفرنس پر از خود نوٹس لے لیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ نے سینیٹرفیصل واوڈا کی گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس بابر ستار اور عدلیہ متعلق نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں کی گئی پریس کانفرنس کا از خود نوٹس لیا۔
اطلاعات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس سربراہی میں تین رکنی بینچ فیصل واوڈا ازخود نوٹس کیس کی سماعت جمعہ 17 مئی 2024 کو کرے گا۔ اس حوالے سے متعلقہ فریقین کو نوٹسسز جاری کردیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ عدلیہ میں مداخلت کا ثبوت ہے تو پیش کریں، ورنہ ابہام بڑھ رہا ہے، میری پگڑیاں اچھالی گئیں اب جو پاکستان کی پگڑی اچھالے گا ان کی پگڑیوں کا فٹ بال بنائیں گے، اداروں کو نشانہ بنانا بند کریں کافی ہو گیا۔
بعد ازاں جمعرات کو سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیس کی سماعت کے موقع پربھی فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کی باز گشت سنی گئی، سپریم کورٹ کے جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے کہ پگڑیوں کو فٹبال بنانے کا کہہ کر کیا ہمیں دھمکایا جارہا ہے۔