اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا۔ مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں نواز شریف کو ایک بار پھر پارٹی صدر منتخب کر لیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی صدارت سے استعفیٰ دے دیا ہے جس کے بعد مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس 18 مئی کو طلب کرلیاگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے تمام اراکین مجلس عاملہ کو اجلاس سے مطلع کردیا جس کے مطابق اجلاس ہفتہ 18 مئی ہفتے کو دن ساڑھے 11 بجے ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہوگا۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کہ پارٹی سمجھتی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف حکومتی مصروفیات کی وجہ سے پارٹی معاملات پر پوری طرح توجہ نہیں دے پارہے ، حالانکہ موجودہ حالات میں پارٹی کو ملک بھر میں فعال کرنے کی ضرورت ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایک بار پھر پارٹی کا صدر منتخب کر لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے بعض رہنما اپنے حالیہ بیانات میں اشارہ دے چکے ہیں کہ پارٹی کی قیادت ایک بار پھر نواز شریف کو سونپی جا رہی ہے ۔