اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ)عید الاضحی 2024 کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 6 مویشی منڈیاں لگا ئی جائیں گی۔ منڈیوں کے لیے نیلامی جمعرات 9 مئی 2024 کو ڈی ایم اے آفس میں ہو گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن نے عید الاضحی کے موقع پر جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے اسلام آباد میں تین بڑی اور تین چھوٹی عارضی مویشی منڈیاں لگا نے کا فیصلہ کیا ہے۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن کے مطابق بڑی مویشی منڈیاں مقررہ مقامات سنگجانی، آئی 15 اور آئی 12 کے علاقہ میں لگائی جائیں گی جبکہ چھوٹی منڈیاں بہارہ کہو، سلطانہ فاونڈیشن اور ایکسپریس وے پر لگائی جائیں گی۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ذرائع کے مطابق مویشی منڈیاں یکم ذی الحج سے 13 ذی الحج تک لگائی جائیں گی،منڈیوں میں بڑے جانور کے لیے 500 روپے اور چھوٹے جانور کے لیے 250 روپے فیس وصول کی جائے گی۔