اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) احتساب عدالت نے استثنیٰ کا حق تسلیم کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس پر کارروائی روک دی۔
صدر آصف علی زرداری کی جانب سے وکیل فاروق ایچ نائیک اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور صدر زرداری کے خلاف کارروائی روکنے کی درخواست دائر کی۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ قانون کے مطابق آصف زرداری کو صدر مملکت ہونے کی وجہ سے استثنیٰ حاصل ہے ، اس لیے اُن کے خلاف کیس آگے نہیں چل سکتا۔دلائل سننے کے بعد جج ناصر جاوید رانا نے کارروائی روکنے کی درخواست منظور کرلی۔
دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں ان کی جانب سے ان کے پلیڈر رانا محمد عرفان پیش ہوئے اور توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں بریت کی درخواست دائر کردی۔
یہ بھی پڑھیں : صدر آصف زرداری نے پارٹی صدارت چھوڑ دی ، الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا
پراسیکیوٹر نے اس حوالے سے کہا کہ درخواست کو نیب ہیڈ کوارٹر بھجوا دیتا ہوں ، شارٹ نوٹس کردیں۔ جس پراحتساب عدالت کے جج نے نواز شریف کی بریت کی درخواست پر دلائل کیلئے 23 مئی کے نوٹس جاری کردیے۔