اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دی۔
وزارت خزانہ کے مطابق گزشتہ 15 روز کے دوران عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔
اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 45 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 8 روپے 42 پیسے فی لیٹرکمی کردی گئی ہے۔
اس طرح پیٹرول کی نئی قیمت 288 روپے 49 پیسےجبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 281 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق بدھ یکم مئی سے آئندہ 15 روز کے لیے ہو گا۔
اس سے قبل پیٹرول 293روپے 94پیسے جبکہ ڈیزل290روپے 38پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیژل آئل کی قیمت بھی کمی کی گئی ہے تاہم ڈی ریگولیٹڈ ہونے کے باعث وزارتِ خزانہ نے اس کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا، ذرائع کے مطابق مٹی کا تیل 8 روپے 74پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل 5 روپے 63 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا ہے۔