پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ نے کہا ہے کہ سنگاپور سے پاکستان اوریورپ کو ملانے والی زیر سمندرفائبر آپٹیکل کیبل کٹنے سے پی ٹی سی ایل کی ٹریفک متاثر نہیں ہوئی ۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہےکہ سب میرین کیبل کٹنے جانے کی وجہ سے پی ٹی سی ایل کی ٹریفک متاثر نہیں ہوئی ہے اور اس کی ٹریفک معمول کے مطابق ہے۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ کیبل پی ٹی سی ایل کے نیٹ ورک انفراسٹرکچرکاحصہ نہیں ہے، پی ٹی سی ایل کا نیٹ ورک سروس میں کسی کمی کے بغیربہترین کام کررہا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز سنگاپور سے پاکستان اور یورپ کو ملانے والی فائبر آپٹیکل کیبل کٹنے کی اطلاعات آئی تھیں، رپورٹس کے مطابق ساؤتھ ایسٹ ایشیا اور مڈل ایسٹ یورپ کیبل کو انڈونیشیا کے قریب سب میرین کیبل کو پانچ جگہ پر کٹ لگے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کیبل کو ٹھیک ہونے میں چار ہفتے لگ سکتے ہیں، کیبل کٹ جانے کی وجہ سے پی ٹی سی ایل اور ٹرانس ورلڈ کی مشرقی سمت سے آنیوالی ٹریفک متاثر ہوئی ہے۔
اس حوالے سے پی ٹی سی ایل ذرائع نے بتایا کہ مشرقی سمت سے آنے والی انٹرنیٹ ٹریفک 10 فیصد سےبھی کم ہے، جسے متبادل ذرائع پر شفٹ کر دیا گیا ہے۔