لاہور( نئی تازہ رپورٹ) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے فروری 2024 میں منعقدہ ایم بی بی ایس (فائنل پروفیشنل) سالانہ امتحانات 2023 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد کی ثناء مرتضیٰ نے 1317/1500 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
یو ایچ ایس کے نوٹیفکیشن کے مطابق 44 میڈیکل کالجز کے 5792 امیدواروں نے ایم بی بی ایس (فائنل پروفیشنل) امتحان میں حصہ لیا جن میں سے 5333 کامیاب ہوئے جبکہ 442 طلبا فیل ہوگئے۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 92.35 فیصد رہا۔ مختلف وجوہات کی بنا پر 17 امیدواروں کا نتیجہ روک لیا گیا جو بعد میں جاری کیا جائے گا۔
پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد کی ثناء مرتضیٰ نے 1317/1500 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، نشتر میڈیکل کالج ملتان کے زوہیب امجد نے 1312 نمبر لے کر دوسری اور اسی کالج کی عرومہ عزیز نے 1309 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
نتائج کے مطابق میڈیسن میں 111، سرجری میں 12، گائناکالوجی میں 229 اور پیڈیاٹرکس میں 199 امیدواروں نے امتیازی پوزیشن حاصل کی
یہ بھی پڑھیں:کراچی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2024 کی ڈیٹ شیٹ جاری کر دی
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ترجمان کے مطابق پریکٹیکل امتحانات کے اختتام کے تین ہفتوں کے اندر نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایم بی بی ایس (فائنل پروفیشنل) سالانہ امتحانات 2023 کا انعقاد فروری سے اپریل 2024 کے دوران ہوا
نتائج یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے اس لنک پر دیکھے جا سکتے ہیں۔