اسلام آباد : وزیراعظم نے ملک بھرمیں نجی یونیورسٹیز اور دیگر نجی اداروں کے لیے لفظ “نیشنل” استعمال کرنے پر پابندی لگا دی ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو شکایت ملی تھی کہ ملک کے مختلف پرائیویٹ (نجی) اداروں اور یونیورسٹیز کے نام میں لفظ “نیشنل” استعمال کیا جا رہا ہے جس سے ان کے حکومتی ادارہ ہونے کا تاثر ملتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے شکایات کی روشنی میں تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی ہے کہ تمام نجی اداروں کے نام میں سے لفظ “نیشنل” ختم کرایا جائے۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ ادارے اور وزارتیں نجی شعبے کی کمپنیوں اور اداروں کے نام میں لفظ “نیشنل” کا استعمال فوری رکوائیں گی۔
حکومت نے ہدایت کی ہے کہ نجی جامعات ، اداروں یا کمپنیز کے نام میں کوئی ایسا لفظ استعمال نہ کیا جائے جس سے سرکاری ادارہ ہونے کا تاثر ملے۔
(نئی تازہ رپورٹ)