اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) پولیس نے موٹروے پر پولیس اہلکار کو ٹکر مار کر فرار ہونے والی خاتون کوکئی ماہ بعد گرفتار کرلیا۔
خاتون کوواقعہ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد نادرا کی مدد سے شناخت کر کے اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار خاتون کی شناخت فرح کے نام سے ہوئی ہے جبکہ پولیس نے گاڑی بھی قبضہ میں لے لی ہے۔
ملزمہ کی گرفتاری کے لیے آر پی او راولپنڈی نے ٹیمیں تشکیل دی تھی۔ راولپنڈی پولیس کے ذرائع کے مطابق خاتون کی شناخت ہو جانے کے بعد پولیس نے اس کی نگرانی کی ، وہ اسلام آباد کلب سے روانہ ہوئی تو پولیس نے تعاقب کیا اور لیڈی پولیس اہلکاروں کی مدد سے اُسے حراست میں لےلیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ دو جنوری 2024 کو پیش آیا تھا، خاتون کے گاڑی چڑھانے کے نتیجہ میں صابر نامی اہلکار زخمی ہوگیا تھا، خاتون کے خلاف کار سرکار میں مداخلت۔ اقدام قتل، پولیس اہلکار پر تشدد اور مزاحمت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی پی 32 گجرات ، پرویز الٰہی کو بھتیجے کے ہاتھوں بڑے مارجن سے شکست
اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشنزنے واضح کیا ہے کہ قانون کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ جبکہ واقعہ میں ملوث خاتون کے خلاف مضبوط چالان عدالت میں پیش کر کے زیادہ سے زیادہ سزا دلوائی جائے گی۔