لاہور ( نئی تازہ مانیٹرنگ) ایرانی صدر کے دورے کے موقع پر لاہورمیں منگل 23 اپریل کومقامی تعطیل ہو گی ، جبکہ لاہور بورڈ آف انٹر میڈیٹ انڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے منگل کو ہونے والے انٹرمیدیٹ، میٹرک کے امتحانات ملتوی کر دیئے ہیں ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہورتعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری کر دہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیاہے کہ فیصلےکااطلاق لاہور،قصور،ننکانہ صاحب،شیخوپورہ میں لاہور بورڈ سے ملحق تعلیمی اداروں پر ہوگا۔
کنٹرولر امتحانات لاہور بورڈ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انٹر میڈیٹ کے 23 اپریل کو ہونے والےتاریخ پاکستان، تاریخ اسلام ،جغرافیہ،کلینکل پیتھالوجی سمیت دیگرپیپرز ملتوی کر دیئے گئے ہیں،جبکہ لاہور بورڈ کے تحت کل ہونےوالا میٹرک کا فزکس کاپریکٹیکل بھی ملتوی کردیاگیا ہے۔
انٹر میڈیٹ کے منگل کو ملتوی کیے گئے پیپر آئندہ ماہ24مئی کو ہوں گے، جبکہ میٹرک کا ملتوی ہونےوالاپریکٹیکل امتحان15مئی کو لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وفد کے منگل کومجوزہ دورے کے باعث لاہور میں مقامی تعطیل ہو گی، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق شہرمیں غیرملکی مہمانوں کے دورے کے باعث امتحانات ملتوی کرنےکافیصلہ کیاگیا ہے،اس موقع پرغیرمعمولی سیکیورٹی کے باعث طلباکوپبلک ٹرانسپورٹ تک رسائی میں مشکلات کاسامناہوسکتاہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کل منگل 23 اپریل کو تمام تعلیمی ادارے سکول کالجز یونیورسٹیاں بندرہیں گے ،اس موقع پر پنجاب سو ل سیکرٹریٹ اور ڈویژنل دفاتر کھلے رہیں گے جبکہ ڈی سی آفس اور دیگرضلعی دفاتر بند رہیں گے۔