لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر میں 50 ہزار گھرانوں کو ایک کلو واٹ کے سولر سسٹم فراہم کرنے کی منظوری دے دی، پنجاب کے 100 یونٹ ماہانہ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین سولر پینل سسٹم لینے کے اہل ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا ، وزیر اعلیٰ نے گھریلو صارفین کیلئے سولر سسٹم کا دائرہ کار بتدریج بڑھانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران شرکاء کو ایک کلو واٹ سولرسسٹم سے متعلق ٹیکنیکل امور پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق پنجاب کے 100 یونٹ ماہانہ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین سولر پینل سسٹم لینے کے اہل ہوں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ون کے وی سسٹم میں 2سولر پلیٹیں ،بیٹری، انورٹر اور کیبل فراہم کی جائے گی۔ ون کے وی سولر سسٹم سے پنکھے، لائٹیں، چھوٹی موٹر وغیر چلائی جا سکے گی۔ جبکہ لتھیم آئرن بیٹری سے 16گھنٹے تک بیک اپ حاصل کیا جا سکے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مختلف گھروں میں ون کے وی سولر سسٹم لگا کراس کی افادیت کا جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل سولر سسٹم انسٹال کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے۔بہترین کوالٹی کی سولر پلیٹس، انورٹر اور بیٹریاں استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری ، سینیٹر پرویز رشید، رکن صوبائی اسمبلی ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی ، سیکرٹریز انرجی،خزانہ،چیف ایگزیکٹو آفیسر پی پی ڈی سی ایل ، منیجنگ ڈائریکٹر پی پی ڈی بی اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔