گجرات ( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو ضمنی انتخابات میں بھتیجے کے ہاتھوں بڑے مارجن سے شکست ہوگئی۔
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی-32 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ(ق) کے 28 سالہ امیدوار چوہدری موسی الہٰی نے پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو بڑے مارجن سے شکست دے کر نشست جیت لی ۔
موسیٰ الہٰی نے 63536 ووٹ لے کر اپنے چچا کو 45 ہزار 209 ووٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔غیرسرکاری نتائج کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے چوہدری پرویز الہٰی نے 18 ہزار 327 ووٹ حاصل کیے۔
موسیٰ الہٰی اس سے قبل 8 فروری کو منعقدہ عام انتخاب میں این اے-62 سے 26 ہزار 797 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے ۔
یاد رہے کہ 8 فروری کے عام انتخابات میں پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی قومی اسمبلی کی نشست این اے 64 گجرات سے جبکہ چوہدری پرویز الٰہی عام انتخابات میں پی پی 32 گجرات سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار تھے۔ دونوں 8 فروری کے عام انتخابات میں اپنے بھتیجے اور پاکستان مسلم لیگ قائد (پی ایم ایل-ق) کے امیدوار چوہدری سالک حسین سے ہار گئے تھے۔
سالک حسین نے قومی اسمبلی کی این اے 64 کی نشست اپنے پاس رکھی جبکہ صوبائی اسمبلی پی پی 32 کی نشست خالی کر دی تھی۔ اس نشست پر اتوار کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں پرویزالٰہی کے مقابلے میں چوہدری شجاعت کے بھائی وجاہت حسین کے بیٹے موسیٰ الٰہی میدان میں تھے۔