وزارت داخلہ پنجاب نے 21 اپریل 2024 کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران 13 اضلاع اور تحصیلوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی سفارش کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں سفارش کی ہے کہ ضمنی الیکشن کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 13 اضلاع اور تحصیلوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رکھی جائے ۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 5 اورصوبائی اسمبلیوں کے 16 حلقوں میں ضمنی الیکشن 21 اپریل کو ہوں گے
مراسلے میں جن مقامات پر سروس معطل رکھنے کی سفارش کی گئی ہے ان میں لاہور، چکوال ، تلہ گنگ، کلرکہار، گجرات، علی پور چٹھہ، ظفروال، قصور، شیخوپورہ،بھکر، صادق آباد، کوٹ چٹھہ اورڈیرہ غازی خان شامل ہیں۔
۔
خط کی نقول چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب اور چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو بھی بھجوائی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ ملک بھر کے 21 حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلئے امیدواروں کی انتخابی مہم کا وقت جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ختم ہوگیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ضمنی الیکشن کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں،مطلوبہ انتخابی سامان پولنگ سٹیشنز پر پہنچا دیا گیا ہے ، امن و امان برقرار رکھنے کے لیے حساس پولنگ سٹیشنز پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔