اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری موبائل سمز بند کرنے اور پنجاب کے ماڈل تھانوں کی طرز پر ملک بھر میں ماڈل نادرا دفاتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے جمعرات کو نادرا ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ، چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے وفاقی وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔ وزیرداخلہ کونادرا کے تمام شعبوں کے بارے بریفنگ دی گئی۔
وزیر داخلہ نے نادرا حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کے ڈیٹا کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایاجائے اورعوام کو موبائل پلیٹ فارمز پرمزید سہولیات فراہم کی جائیں۔
وزیرداخلہ نے پنجاب میں بنائے گئے ماڈل تھانوں کی طرز پرماڈل نادرا آفس بنانے بھی کی ہدایت کی، وزیرداخلہ نے کہا کہ ماڈل نادرا آفس کے قیام سے سروس ڈلیوری میں بہتری اورعوام کوسہولت ملے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں ماڈل تھانوں کے قیام سے عوام کو سہولت کے ساتھ پولیس امیج میں بھی بہتری آئی۔
انہوں نے کہا کہ پیدائش، موت، شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹس کے لیے یونین کونسل دفاتر کے ساتھ مل کرآسان نظام متعارف کرایا جائے،عوام کی سہولت کیلئے ڈیتھ سرٹیفیکٹ کی فیس ختم کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی کارکردگی کو سراہا۔