قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے نے پاکستان میں بارشوں کے دو نئے اسپیلز کی پیشگوئی کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کردی۔ تمام پی ڈی ایم ایز اور انتظامیہ ک ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔
نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے) کے مطابق پہلے اسپیل میں 17 اپریل سے 22 اپریل کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اس دوران آندھی چلنے کی بھی توقع ہے جبکہ کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
این ڈی ایم اے ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں 17 سے 19 اپریل تک، جبکہ سندھ میں 18 اور 19 اپریل کے دوران شدید بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔اسی طرح پنجاب میں 18 سے 19 اپریل جبکہ خیبرپختونخوا میں 17 سے 21 اپریل کے دوران آندھی، بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 18 سے 22 اپریل کے دوران بارش،آندھی اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 25 تا 29 اپریل کے دوران دوسرے سپیل کے باعث کئی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری کے مطابق ممکنہ بارشوں کی وجہ سے خضدار، زیارت، مسلم باغ، ژوب، شیرانی، کوئٹہ، پشین، کیچ،پنجگور، گوادراور تربت کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام پی ڈی ایم ایز اور انتظامیہ کو کسی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گندم کی کٹائی کے حوالے سے موسم کو مدنظر رکھیں ، جبکہ سیاحوں کو پہاڑی علاقوں کے غیرضروری سفرسے اجتناب کا مشورہ دیا گیا ہے۔