اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) پنجاب کے بعد اسلام اباد میں بھی روٹی اور نان کی قیمت میں کمی کردی گئی ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے بھی روٹی اور نان کی قیمت کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق روٹی کی قیمت 16 روپے جبکہ نان کی قیمت 20 روپے مقرر کی گئی ہے۔
روٹی اور نان کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو نئی قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز پنجاب حکومت کی جانب سے روٹی اور نان کی قیمت کم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایکس ( ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا تھا کہ الحمدللّہ، حکومت پنجاب نے آج سے روٹی کی قیمت کم کرکے 16 روپے مقررکردی ہے۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق پنجاب کے تمام اضلاع اورمتعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ اس فیصلے پرسختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔