مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شوال 1445 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا، پاکستان بھر میں بدھ کوعیدالفطر منائی جائے گی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منگل 29 شعبان، 9 اپریل 2024 کو اسلام آباد میں چیئرمین عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں مرکزی اور زونل کمیٹی اسلام آباد کے ارکان، محکمہ موسمیات، سپارکو اور آئی ٹی شعبہ کے ماہرین شریک تھے۔
کراچی، کوئٹہ، پشاور اور لاہور میں رویت ہلال کی زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد ہوئے اور موصول ہونے والی شہادتیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ارسال کیں۔
بعد میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر سے چاند کی رویت کی شہادتیں موصول ہوئیں، اتفاق رائے سے طے پایا ہے کہ 10 اپریل 2024ء بروز بدھ انشا اللہ عیدالفطر کا دن ہو گا۔ انہوں نے پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کروائی۔
محکمہ موسمیات نے چند روز قبل پیش گوئی کی تھی کہ ملک میں عیدالفطر کا چاند 9 اپریل کو نظر آنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش اور بھارت میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، دونوں ممالک میں عید الفطرجمعرات 11 اپریل کو منائی جائے گی