ریاض ( نئی تازہ رپورٹ) سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا ، عیدالفطربدھ 10 اپریل کو ہوگی۔
سعودی رویت ہلال کمیٹی نے پیر کو اعلان کیا کہ مملکت میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، سعودی عرب میں عیدالفطر 30 روزے مکمل کرنے کے بعد 10اپریل کو ہوگی۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں ( 29 شعبان 1445 ہجری ) پیر 8 اپریل کوعیدالفطر کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس طلب کیا گیا تھا۔
سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ 8 اپریل کو شوال کا چاند دیکھیں اور نظر آنے پر اس کی اطلاع قریبی عدالت کو دیں ۔
متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) کی رویت ہلال کمیٹی نے بھی پیر 8 اپریل کو شہریوں سے چاند دیکھنے اور شہادتیں متعلقہ اتھارٹی تک پہنچانے کی اپیل کی تھی۔
سعودی ماہرین فلکیات نے پیش گوئی کی تھی کہ 8 اپریل کو چاند نظر آنے کا امکان نہیں اس لیے سعودی عرب میں ممکنہ طور پر 10 اپریل 2024 کو عید الفطر ہوگی۔
دوسری جانب پاکستان میں عید کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلاک کمیٹی کا اجلاس منگل 9 اپریل 2024 کو طلب کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان میں عیدالفطر کا چاند 9 اپریل کو نظر آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہو گی اور منگل 9 اپریل کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہو گی۔ اور اسے پاکستان کے متعدد مقامات پر دیکھنا ممکن ہو گا۔ منگل کو چاند نظر آنے کی صورت میں پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں ایک ہی روز بدھ 10 اپریل کو عید منائی جائے گی۔
چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی،مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا، جب کہ زونل کمیٹیوں کےاجلاس اپنے اپنے صدر مقام پر ہوں گے۔