ٹوبہ ٹیک سنگھ ( نئی تازہ مانیٹرنگ) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ٹریکٹر ٹرالی اور کیری ڈبہ کے تصادم میں چارکم عمر طلبا جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق حادثہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیرمحل میں موٹر وے پل ( انٹر چینج) کے قریب پیش آیا،ریسکیو ذرائع کے مطابق کیری ڈبہ سکول کے طلبا کو لے کر جارہا تھا کہ ٹریکٹر ٹرالی نے ٹکر ماردی، حادثہ میں چار بچے جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے،شدید زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
کیری ڈبہ میں زیادہ ترکم عمر بچے سوار تھے، جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمر چار سے سات سال کے درمیان تھی۔
جاں بحق ہونیوالے طلبا قریبی علاقہ چک 341 گ ب کے رہائشی تھے، جاں بحق بچوں کی شنا خت چار سالہ حسنہ،چار سالہ محمد معیز اور سات سالہ محمد احمد کے نام سے ہوئی ہے۔
سکول وین بچوں کو چوہڑ والا گاؤں سے مختلف سکولوں میں چھوڑنے آ رہی تھی، بتایا گیا ہے کہ سکول وین میں چودہ طلبا سوار تھے ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آٹھ طلبا کو پیر محل تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ( ٹی ایچ کیو) منتقل کیا گیا ہے ۔
یاد رہے کہ دو روز قبل پنجاب کے علاقہ حاصل پور روڈ پر بس کی 2 موٹرسائیکلوں کو ٹکر کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
چشتیاں سے موصولہ میڈیا رپورٹ کے مطابق حادثے کی وجہ تیز رفتاری بتائی گئی تھی، بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔