سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے شہریوں سے شوال کا چاند پیر 8 اپریل دیکھنے کی اپیل کی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے نے اعلان میں کہا ہے کہ کوئی بھی شخص 8 اپریل (29 رمضان) کو شوال کا چاند خالی آنکھ سے یا دُوربین کے ذریعے دیکھے اور اس بارے میں گواہی دے۔
رویت ہلال کے معاملات کی نگران عدالت نے کہا کہ چاند نظر آنے کی اطلاع قریبی عدالت کو دی جائے اورچاند دیکھنے والا شہری اپنا بیان ریکارڈ کرائے۔ مدد کے لیے لوگ اپنے قریبی مرکز سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب سمیت بیشتر عرب ممالک میں 11 مارچ کو رمضان کا آغاز ہوا تھا، اور پیر 8 اپریل کو 29واں روزہ ہو گا، چاند نظر نہ آنے کی صورت میں منگل 9 اپریل کو 30 رمضان اور عید الفطر 10 اپریل بدھ کو ہوگی۔
اسلامی کیلنڈر کے 10 ویں مہینے یعنی شوال کے پہلے روزدنیا بھر کے مسلمان عیدالفطر منا تے ہیں۔
ادھر پاکستان میں محکمہ موسمیات نے عیدالفطر2024 کا چاند منگل 9 اپریل کو نظر آنے کی پیش گوئی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سال 2024 میں فطرانہ ، فدیہ و کفارہ صوم کی رقم کتنی ہو گی، تفصیلات جاری
محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق چاند کی پیدائش 8 اپریل کورات 11 بجکر 21 منٹ پر ہو جائے گی، 9 اپریل (29 رمضان المبارک ) کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے کے درمیان ہوگی۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ منگل 9 اپریل کی شام چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہوگا، اس لیے شوال کا چاند 9 اپریل کو نظر آنے کا امکان ہے۔