لاہور ( نئی تازہ مانیٹرنگ ) ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اپریل کے دوران گرمی کی شدت میں غیریقینی اضافے کا امکان ظاہر کر دیا۔ درجہ حرارت گزشتہ 30 سال کی اوسط شرح سے زیادہ رہے گا۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب (پی ڈی ایم اے) کی طرف سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں ماہ گرمی کی شدت میں غیریقینی حد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں ماہ درجہ حرارت گزشتہ 30 سال کی اوسط شرح سے زیادہ رہے گا ، پنجاب کے میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو کے امکانات بھی ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ بڑے شہروں میں خاص طور پر ہیٹ ویوز کے منفی اثرات بہت زیادہ مرتب ہوسکتے ہیں، جبکہ تیز ہوائوں، گرد آلود طوفان، طوفانی بارش اور ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے امکان ظاہر کیا ہے کہ شمالی پنجاب میں شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی بھی آسکتی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس پی ڈی ایم اے نے ہیٹ ویو کے پیش نظر پنجاب کی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کیا تھا کہ وہ اپنے انتظامات مکمل رکھیں۔ ہیٹ ویو سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کی تشہیر کرتے رہیں۔
ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے پانی زیادہ سے زیادہ پیئیں۔ جبکہ باہر کام کرنے والے مزدور اور محنت کش دوپہر کے وقت سورج کی تپش سے بچیں اور کام میں وقفہ کریں۔