لاہور( نئی تازہ رپورٹ) حافظ نعیم الرحمان کو جماعت اسلامی پاکستان کا نیا امیر منتخب کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نئے امیر کےانتخاب کے لیے جماعت اسلامی کے 45 ہزار سے زائد ارکان نے رائے شماری میں حصہ لیا۔ نتائج کے مطابق حافظ نعیم الرحمان 80 فیصد سے زائد ووٹ لے کر امیر منتخب ہوگئے۔
جماعت اسلامی میں ہر پانچ سال بعد نئے امیر کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ مرکزی شوریٰ ارکان کی رہنمائی کے نام پیش کرتی ہے۔ اس مرتبہ سراج الحق، لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمان کے نام تجویز کیے گئے، تاہم ارکان پیش کردہ ناموں کے سوا بھی کسی کو امیر منتخب کر سکتے ہیں۔
سراج الحق 2014 میں جماعت اسلامی کے امیر منتخب ہوئے تھے، وہ دس سال یعنی دو مرتبہ اس ذمے داری پر فائز رہے۔
حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی پاکستان کے چھٹے امیر منتخب ہوئے ہیں۔