راولپنڈی( نئی تازہ رپورٹ) امریکی سفارتخانے کے وفد نے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا۔ اور قتل کے مجرم سے ملاقات کی۔
میڈیا رپورٹ میں جیل ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امریکی سفارتخانے کے 3 رکنی وفد کو قتل کے مجرم ظاہر جعفر تک قونصلر رسائی دی گئی، امریکی سفارتخانے کے وفد کی ظاہر جعفر سےملاقات ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ روم میں ہوئی۔
مجرم ظاہر جعفر سابق سابق سفارتکار کی بیٹی نور مقدم کے قتل کیس میں سزا کے بعد جیل میں قید ہے اور اس کے پاس امریکی شہریت بھی ہے۔
ذرائع کے مطابق جیل کا دورہ کرنے والے امریکی سفارتخانے کے تین رکنی وفد میں مائیکل مرفی، اسامہ حنیف اور نوید غازی شامل تھے، ملاقات 30 منٹ تک جاری رہی جس کے بعد امریکی سفارتخانےکا وفد واپس روانہ ہو گیا۔
ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد نے نور مقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کوفروری 2022 میں سزائے موت جبکہ اس کے دو ملازمین جان محمد اور افتخار کو دس، دس سال قید کی سزا سُنائی تھی۔
عدالت نے ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر اوروالدہ عصمت آدم جی سمیت دیگر ملزمان کو بری کر دیا تھا۔
ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی کی عدالت نے نور مقدم کے ساتھ زیادتی کا الزام ثابت ہونے پر ظاہر جعفر کو 25 سال قید بامشقت، دو لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی، اغوا کا جرم ثابت ہونے پر اسے دس سال قید کی سزا، نور مقدم کو حبس بیجا میں رکھنے پر مجرم ظاہر جعفر کومزید ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔