واشنگٹن ( نئی تازہ رپورٹ) ورلڈ بینک نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ بجلی و گیس کے نرخوں میں اضافہ کیا جائے اور پینشن اصلاحات کی جائیں۔
عالمی بینک نے پاکستان ڈویلپمنٹ اپڈیٹ میں وفاقی اور صوبائی پبلک سیکٹر کے پنشن سے پیدا ہونے والے مالی بوجھ کو کم کرنے کے لئے فوری اصلاحات متعارف کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ پینشن اصلاحات کا منصوبہ تیار کرکےنفاذ کے لیے ابتدائی اقدامات کیے جائیں تاکہ طویل مدتی مالی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔ عالمی بینک نے پبلک سیکڑ کے معاوضے کو معقول بنانے کے لیے اصلاحاتی منصوبے کے تحت ابتدائی اقدامات کرنے کا بھی کہا ہے۔
ورلڈ بینک اپڈیٹ میں کہا گیا ہے کہ بجلی و گیس کے شعبہ میں نرخوں کے حوالے سے اصلاحات کو رسدی لاگت کے ساتھ منسلک رکھا جائے تاکہ بڑھتے ہوئے گردشی قرضے کو محدود کر کے غریبوں کو سماجی تحفظ کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
عالمی بینک نے کہا ہے کہ تمباکو سمیت صحت کے لیے دیگر نقصان دہ مصنوعات اور ماحول کو نقصان پہنچانے والی اشیا پر ٹیکس بڑھایا جائے۔
ورلڈ بینک نے توانائی کی مصنوعات، ٹیلی کمیونیکیشن، مالیاتی خدمات اور دیگر کی کھپت پر ذاتی انکم ٹیکس ودہولڈنگ چارجزکے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ غریب اور کمزور گھرانوں پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا جا سکے۔
عالمی بینک نے تنخواہ دار اور غیر تنخواہ دار ملازمین کیلئے اسکیمیں ترتیب دے کر پیچیدگی کم کرنے کے لئے پرسنل انکم ٹیکس (پی آئی ٹی) نظام میں اصلاحات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔