لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) پی سی بی نے بابراعظم کو ایک مرتبہ پھر وائٹ بال فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا۔ ٹی20 اور ون ڈے فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کے بعد بابراعظم کو ٹی20 اور ون ڈے فارمیٹ میں قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس ون ڈے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد بابراعظم نے تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے دستبر دار ہونے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے شاہین آفریدی کو ٹی20 اور شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا جبکہ ون ڈے فارمیٹ کی کپتان بارے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔
شاہین آفریدی کو کپتانی ملنے کے بعد ایک ٹی20 سیریز میں قیادت کا موقع ملا، جس میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 1-4 سے شکست ہوئی۔
بابر اعظم 52 ٹیسٹ میچز، 117 ون ڈے اور 109 ٹی20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں، وہ ٹی20 ورلڈکپ سمیت 71 ٹی20 میچز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔ بابراعظم کی قیادت میں پاکستان نے 42 میچز جیتے اور 23 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔