اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو 3 سال کے لیے چیئرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے وزارت داخلہ کی سمری منظورکرتے ہوئےچیئرمین نادرا کی تعیناتی کی منظوری دی۔
وفاقی حکومت کی طرف سے نادرا رولز 2020 میں رول 7 اے شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے، اس طرح قومی مفاد میں اب کسی بھی حاضر سروس افسر کو چیئرمین نادرا تعینات کیاجاسکتا ہے، بشرطیکہ کہ حاضر سروس افسر کا عہدہ گریڈ 21 سے کم نہ ہو۔
نگران دور حکومت میں 2 اکتوبر 2023 کو لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسرکو تاحکم ثانی چیئرمین نادرا تعینات کیا گیا تھا۔
لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے پاکستان آرمی اور اقوام متحدہ کے مشن میں آئی ٹی سے متعلق ٹیکنالوجیکل ڈویلپمنٹ اورمینجمنٹ میں تجربہ حاصل کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے پبلک پالیسی اور نیشنل سیکیورٹی مینجمنٹ میں ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے اور 2010 کے سیلاب کے دوران جیوگرافک انفارمیشن سسٹم GIS سیکٹر میں عوامی پالیسی رسپانسز پر تحقیقی مقالہ لکھ چکے ہیں ۔
انہوں نے نے جیوگرافک انفارمیشن سسٹم (GIS) اور ریموٹ سینسنگ میں ایم ایس کی ڈگری حاصل کی ہے۔ ان کے مقالے پر انہیں صدارتی ایوارڈ عطا کیا گیا ۔