اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے چینی باشندوں پر حملے کے واقعہ کے بعد سیکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے سیکیورٹی صورتحال پر آج بدھ کو اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے،اجلاس میں داخلی سلامتی کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
سیکیورٹی اجلاس کی وجہ سے وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس ایک روز کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے، وفاقی کابینہ کا اجلاس اب کل جمعرات 28 مارچ ہوگا۔
سیکیورٹی صورتحال بارے اجلاس میں وزارت داخلہ اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے امن و امان کی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائے گی ، اجلاس میں ملک بھر میں جاری مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں گذشتہ روزگاڑی پر خودکش حملے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد کو جان سے ہاتھ دھونا پڑے تھا۔
بتایا گیا ہے کہ دھماکے کی شدت سے چینی انجینئرز کی گاڑی گہری کھائی میں جاگری اور اس میں آگ لگ گئی۔
پولیس کے مطابق غیر ملکیوں کی گاڑی اسلام آباد سے کوہستان آرہی تھی۔ اطلاعات کے مطابق کار میں سوار چینی انجینئرزایک اہم ہایڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کررہے تھے ۔