نیویارک ( نئی تازہ مانیٹرنگ) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرار داد منظور کر لی ہے۔
سلامتی کونسل کے 14 اراکین نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ ایک رکن امریکہ نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا، قرار داد کونسل کے 10 منتخب اراکین نے تجویزکی تھی۔
غزہ میں فوری جنگ بندی سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیر کو نئی قرارداد کے مسودے پر ووٹنگ ہوئی روس اور چین نے امریکہ کی جانب سے اس سے قبل پیش کردہ پہلے مسودے کو ویٹو کر دیا تھا۔
الجزائر کے اقوام متحدہ کے لیے سفیر امر بینجامہ نے ووٹنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام نے بہت نقصان اٹھایا ہے۔ یہ خون کی ہولی بہت عرصے سے جاری ہے۔ اس خون کی ہولی کو ختم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے ۔
اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے سلامتی کونسل کا اجلاس شروع ہونے سے کچھ دیر قبل خبر دار کیا تھا کہ اگر امریکہ نے قرارداد کو ویٹو نہ کیا تو اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو واشنگٹن جانے والے ایک وفد کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیں گے۔
قرارداد میں تمام مغویوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس نے 7 اکتوبر کے حملے میں 253 افراد کو یرغمال بنایا تھا۔
سلامتی کونسل کی قرارداد میں پوری غزہ کی پٹی میں شہریوں کے تحفظ کے لیے انسانی امداد کے بہاؤ کو بڑھانے اور ان کو تقویت دینے کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا ہے، جبکہ بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی فراہمی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو ہٹانے کے مطالبے کا اعادہ کیا گیا ہے ۔