فیصل آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف فیصل آباد میں پتنگ کی ڈورگلے پرپھرنے سےجاں بحق ہونے والے نوجوان کے گھرپہنچ کر تعزیت کی
مریم نواز نے آصف اشفاق مرحوم کی والدہ کو گلے لگاکر تسلی دی۔ وزيراعلیٰ نےکہا کہ وہ خود ایک ماں ہیں اور ماں کا دکھ سمجھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف کی موت پورے معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ پتنگ بازی تفریح نہیں، خونی کھیل بن چکا ہے۔
مریم نواز نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی سماجی ذمہ داری پوری کریں۔دھاتی تار بنانے، بیچنے اور خریدنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ واقعے کی ویڈيو دیکھی نہيں جاسکتی، سب مل کر اس جرم کو روکیں۔
مریم نواز اور نواز شریف نے چند روز قبل سیوریج صفائی کے دوران جان سے جانے والے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے واسا ورکرزآصف الیاس اور شان مشتاق کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزيراعلیٰ مریم نوازشریف نے ورثاءکو پانچ، پانچ لاکھ روپے مالیت کے امدادی چیک بھی دیے۔
دوسری جانب گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان آصف کے جاں بحق ہونے کے مقدمے میں اہم پیشرفت کے دوران پولیس نے ملزم کو گرفتارکرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سی پی او علی ضیا نے کہا ہے کہ واقعہ کے ذمہ دارملزم عابد گرفتار کر لیا ، عابد کی شناخت سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ہوئی، ملزم بینک کی چھت پر پتنگ بازی کر رہا تھا، حادثے کے بعد ڈر گیا۔ حادثے کے بعد ڈور اور پتنگ چھت پر ہی جلا دی، پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس کی ہی پتنگ کی ڈور سے سے حادثہ ہوا۔