لاہور/اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عیدالفطر2024 کے موقع پر بھی نئے کرنسی نوٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایس بی پی ذرائع کے مطابق پچھلے دو سال کی طرح اس عید پر بھی نئے کرنسی نوٹ جاری نہیں کیے جائیں گے، اس لیے بینکوں کو عید کے لیے اضافی نئے نوٹ فراہم نہیں کیے جارہے۔
جی نائین اسلام اباد کے ایک بینک افسر نے بتایا کہ بینک صارفین رمضان کے آغاز سے ہی اپنے بینکوں سے رابطہ کرکے نئے نوٹوں کے بارے میں استفسار کر رہے ہیں جبکہ اکائنٹ ہولڈرز اور دیگر شہریوں نے نئے نوٹوں کے حصول کے لیے بینکوں کے چکر لگانا شروع کر دیئے ہیں۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیٹ بینک بلڈنگ کے اطراف میں پرائیویٹ افراد کی طرف سے بلیک میں نئے نوٹوں کے بنڈلز فروخت کیے جا رہے ہیں۔
بلیو ایریا اسلام اباد میں کرنسی کا کاروبار کرنے والوں کی دکانوں پر بھی نئے نوٹوں کی طلب میں اضافہ ہو گیا ہے۔