اسلام اباد ( رپورٹ : حافظ عبید الرحمٰن ) پاکستان ہاکی فیڈریشن ( پی ایچ ایف ) کے انتخابات میں طارق بگٹی دو تہائی اکثریت سے نئے صدر منتخب ہوگئے ۔
ہاکی فیڈریشن کانگریس کا خصوصی اجلاس پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوا ، اجلاس میں پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نماٸندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں کانگریس کے 93 میں سے 62 ارکان نے وزیر اعظم شہباز شریف کے نامزد کردہ طارق بگٹی کے حق میں ووٹ دیا اس طرح وہ دو تہاٸی اکثریت سے صدر منتخب ہوگئے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نومنتخب صدر طارق بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متوازی فیڈریشن بنانے کی کوشش کرنے والوں سے پوچھ گچھ کریں گے اور ایسی کوشش کرنے والوں کو صفاٸی کا ایک موقع دیا جائے گا۔
طارق بگٹی نے کہا کہ فیڈریشن کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں ، وزیراعظم کو ہاکی کے فروغ کے پلان سے آگاہ کیا جائے گا ۔
نومنتخب صدرپی ایچ ایف نے کہا ہاکی کے فروغ کیلئے تمام تر وسائل بروے کار لائے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ عید کے بعد کوئٹہ میں ہاکی کا بڑا ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے گا ۔