راولپنڈی ( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان ڈے پریڈ کی تیاریوں کے سلسلہ میں راولپنڈی میں جمعرات 21 مارچ اور جمعہ 22 مارچ 2024 کو مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
تعطیل کا اطلاق راولپنڈی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کےتحت امتحانات پرنہیں ہوگا۔
فل ڈریس ریہرسل کے موقع پر 22 مارچ کو جڑواں شہروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہو گی، ریہرسل کے اختتام تک راولپنڈی شہر میں بھاری ٹریفک کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔
ابیٹ آباد سے آنے والی ٹریفک کو باڑیاں کے مقام پر روکنے اور مری سے آنے والی ٹریفک کو سترہ میل ٹول پلازہ پر روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ضلع راولپنڈی میں21 اور 22 مارچ کی مقامی چھٹی سے متعلق ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس چھٹی کا اطلاق راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک پارٹ 1 کے امتحانات پر نہیں ہوگا۔
ایک الگ پیش رفت میں ڈپٹی کمشنرنے ضلع راولپنڈی کی حدود میں ڈرون کیمرے، کبوتر بازی، ہوائی فائرنگ و آتش بازی، پتنگ بازی اور لیزر لائٹ کے استعمال پرپر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کر دی ہے ۔