لاہور ( نئی تازہ رپورٹ)اڈیالہ جیل کے واش روم میں گرنے کے باعث سابق وزیراعلیٰ پنجاب، صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الہٰی کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
یہ بات اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے اینٹی کرپشن عدالت میں پنجاب اسمبلی غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے کی سماعت کے موقع پر بتائی۔
مقدمہ کی سماعت اینٹی کرپشن عدالت لاہور کے جج ارشد حسین بھٹہ نےکی۔ اس موقع پرعدالت نے کہا کہ ملزمان کی تعداد پوری نہ ہونے کی وجہ سے فرد جرم عائد نہیں کرسکتے۔
سماعت کے دوران اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے پرویز الہٰی کی میڈیکل رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ پرویز الہٰی پرسوں گر گئے تھے جس کی وجہ سے ان کی ہڈی میں فریکچر ہوگیا ہے۔
عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق پرویز الہٰی 17 مارچ کو جیل کے واش روم میں گرگئے تھے۔
عدالت نے مزید سماعت 4 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے فرد جرم کی کارروائی کے لیے ملزمان کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔