کراچی( نئی تازہ سپورٹس ڈیسک)اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل 9 کے فائنل میں ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دیکر تیسری بارٹورنامنٹ جیت لیا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 160 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی آخری گیند پر حاصل کیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ملتان سلطانز نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ عثمان خان 57رنز، افتخار احمد 32 اور محمد رضوان 26 رنز بنا کرنمایاں رہے۔
خوشدل شاہ نے11 رنز ، یاسر خان، ڈیوڈ ولی اور اسامہ میرنے 6 ، 6 جانسن چارلس نے4 رنز بنائے جبکہ عباس آفریدی 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
کرس جورڈن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ محمد علی بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے عماد وسیم نے شاندار کارگردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 160 رنز کے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا، مارٹن گپٹل 50 رنز بنا کر سر فہرست رہے، اعطم خان نے 30، نسیم شاہ اور کولن منرو نے17، 17 رنز بنائے۔
آغا سلمان 10، شاداب خان 4، حیدر علی 5 رنز جبکہ فہیم اشرف ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے۔
حنین شاہ نے آخری گیند کا سامنے کرتے ہوئے وننگ شاٹ لگاکر ٹیم کو کامیابی دلائی ، وہ 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عماد وسیم 19 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
ملتان سلطانز کی طرف سے خوشدل شاہ اور افتخار احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، ڈیوڈ ولی، محمد علی اور اسامہ میر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
چوتھی مرتبہ فائنل میں جگہ بنانے والی ملتان سلطانز پی ایس ایل کا مسلسل تیسرا فائنل ہار گئی۔ ملتان سلطانز کو پی ایس ایل کے گزشتہ دو ایڈیشنز میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ وہ پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس سے قبل 2016 میں پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن اور 2018 میں تیسرے ایڈیشن میں کامیابی حاصل کی تھی۔