راولپنڈی ( نئی تازہ رپورٹ) شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 2 شہدا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں صدرمملکت آصف علی زرداری اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، اعلیٰ حاضر سروس فوجی و سول افسران و دیگر نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔ دونوں ہ شہدا کی نماز جنازہ میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پرصدرآصف زرداری اور آرمی چیف نے شہدا کے لواحقین کو گلے لگا کر دلاسہ دیا اوران سے تعزیت کی۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف شہید اور کیپٹن محمد احمد شہید کی نمازجنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی۔ 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کراچی جبکہ 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر شہید تلہ گنگ کے رہائشی تھے۔
نماز جنازہ میں شرکت کے موقع پر صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاک فوج نے ایمان، اتحاد، نظم وضبط کےنظریات کو مسلسل برقرار رکھا ہےاور ہمیشہ ان پائیدار اصولوں کی روشنی میں دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی ہے، صدر نے کہا کہ پاک فوج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پیشہ وارانہ معیار ہمیشہ برقرار رکھا ہے۔ پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے، یہ عظیم قربانی ہمارے بہادر جوانوں کے غیر متزلزل عزم کی زندہ مثال ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے شہدا کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے جرات کے ساتھ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اوراپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوئے تھے، فوج کی جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد بھی ہلاک ہو گئے تھے۔