اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) سعودی ولی عہد پرنس محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کودوبارہ عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کے لیے اپنے ملک کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے سے ٹیلی فونک رابطے میں وزیراعظم شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا جبکہ عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد ان کی جانب سے بھیجے گئے تہنیتی پیغامات پر بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت و تندرستی کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے بے پناہ محبت اوران کا احترام کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے سعودی قیادت اور عوام کو رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی مبارک باد دی اور دعا کی کہ یہ مقدس مہینہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے امن و خوشحالی لائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی، گہرے اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر سعودی عرب کی تعریف کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستانی عوام ان کے پرتپاک استقبال کے منتظر ہیں۔
سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم کے نیک جذبات پر تشکر کا اطہار کرتے ہوئےکہا کہ دونوں ملکوں میں قریبی تعلقات ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔