کراچی ( نئی تازہ رپورٹ) رواں برس 2024 میں فطرہ ( فطرانہ) ، فدیہ صوم اور کفارہ صوم کتنا ہو گا، تفصیلات آگئیں ۔
چیئرمین پاکستان شریعہ بورڈ شیخ الحدیث پروفیسرڈاکٹر مفتی محمد ظفراقبال جلالی نے سال 2024 کیلئے صدقہ فطر اورفدیہ کی کم از کم رقم بتائی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صدقہ فطر کی کم سے کم رقم 300 روپے ہوگی جو 2 کلو گندم کے آٹے کی قیمت کے برابرہے۔
مفتی محمد ظفر اقبال کے مطابق بیماری کی وجہ سے روزہ چھوڑنے کا فدیہ فی کس 300 روپے ہو گا۔
جوصاحب استطاعت مسلمان، کھجور، کشمش وغیرہ کے حساب سے فطرہ ادا کرناچاہیں ان کے لیے نصاب کی تفصیل پہ ہے،
جَو(4 کلو) کے حساب سےفطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 600روپے ہے، کھجور(4 کلو) کے حساب سے فطرہ اورایک روزے کا فدیہ 2400روپے ہو گا۔ اسی طرح کشمش ( 4 کلو) کے حساب سے فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 4400روپے ہے۔
اس کے علاوہ روزہ توڑنے کاکفارہ 60 مساکین کو دووقت کا کھانا کھلانا ہے ۔چیئرمین شریعہ بورڈ نے کہا ہے کہ روزہ کا فدیہ اس شخص کے لیے ہو گا جو دائمی مریض ہو یا روزہ رکھنے پر قادر نہ ہو اور بظاہر تندرست ہونے کی کوئی امید نہ ہو۔مسافر اورعارضی مریض روزے کی قضا کریں یعنی رمضان کے بعد متبادل روزہ رکھیں، فدیہ روزہ چھوڑنے کا بدل نہیں بن سکتا۔
ادھر میڈیا رپورٹ کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین اور مذہبی سکالر مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ گندم کا آٹا دو کلوکےحساب سے فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ 300روپے ہے، صدقہ فطر اور فدیے کی کم از کم مقدار 300 روپے فی کس ہے، اہلِ ثروت اپنی حیثیت کے مطابق فطرہ، فدیہ اور کفّارہ ادا کریں۔
بیان کے مطابق گندم کے حساب سے یہ فطرہ، فدیہ اور کفارات کی کم سے کم رقم ہے،انہوں نے کہا کہ جن حضرات کو اللہ تعالیٰ نے رزق میں کشادگی عطا کی ہے وہ اپنی مالی حیثیت کے مطابق جو، کھجور، کشمش یا پنیر کے حساب سے فطرہ، فدیہ اور کفارات ادا کریں۔
یاد رہے کہ صدقہ فطر عید کی نماز سے قبل ادا کرنا ضروری ہوتا ہے جبکہ گھر کے سربراہ کو اپنے زیر کفالت افراد یعنی بیوی اور بچوں وغیرہ کا فطرانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔