گوجرانوالہ ( نئی تازہ رپورٹ) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 81 ( گوجرانوالہ 5) میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے نتیجہ میں مسلم لیگ (ن) کے اظہر قیوم ناہرہ کامیاب ہوگئے۔
ریٹرننگ افسر کے مطابق اظہر قیوم ناہرہ کو 3197 ووٹوں کی برتری حاصل ہو گئی ہے، 8 فروری کے الیکشن کے بعد این اے 81 سےآزاد امیدوار بلال اعجاز کو 7791 ووٹوں کی برتری سے کامیاب قرار دیا گیا تھا۔
بلال اعجاز کو پی ٹی آئی کی حمایت حاصل تھی، نتائج کو مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اظہر قیوم ناہرہ نے چیلنج کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے ان کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے75 پولنگ اسٹیشنوں کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم جاری کیا تھا۔ دوبارہ گنتی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 81 میں اظہر قیوم ناہرہ کو کامیاب قرار دیدیا گیا ہے
یاد رہے کہ 8 فروری کے بعد چوہدری بلال اعجازکو ایک لاکھ 13 ہزار 558 ووٹوں کے ساتھ کامیاب قرار دیا گیا تھا جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن )کے اظہر قیوم ناہرہ کے 95 ہزار 479 ووٹ تھے۔ ان نتائج کو تسلیم نہ کرتے ہوئے اظہر قیوم ناہرہ نے چیلنج کیا تھا جس پرالیکشن کمیشن نے 75 پولنگ سٹیشنوں کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا۔