لاہور( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن نے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کے بعد مریم اکرام کو اسمبلی رکنیت سے دستبردار ہونے کا حکم دیدیا ۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر بے تحاشا تنقید کے بعد مسلم لیگ ن نےمریم اکرام کو قومی اسمبلی کی خصوصی نشست سے دستبردار کر انے کا فیصلہ کیا ہے، پارٹی قیادت نے سخت ایکشن لیتے ہوئےمریم اکرام کو اسمبلی رکنیت سے دستبردار ہونے کا کہہ دیا ۔
پارٹی قیادت کی جانب سےمریم اکرام کو کہا گیا ہے کہ وہ 19مارچ سے قبل الیکشن کمیشن کو اپنی دستبرداری سے آگاہ کر دیں ،بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن مریم اکرام کی جگہ نئی نامزدگی کرے گی۔
سفارش کرنے والوں کی سرزنش
میڈیا رپورٹ کے مطابق پارٹی قیادت نے مریم اکرام کی سفارش کرنے والے لیگی رہنما ئوں کی سرزنش کی ہے اوراس معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پرچند روز سے ان کی پی ٹی آئی کے جھنڈے کےساتھ تصاویرگردش کرتی رہی ہیں، وہ ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کافی فعال رہی ہیں تاہم حالیہ دنوں میں وہ مسلم لیگ ن کی حمایت کر رہی تھیں۔
نوشین افتخار کے فہرست پر اختلافات
میڈیا رپورٹس میں ن لیگی ذرائع کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ ان کی بطور ایم این اے نامزدگی کے بعد معاملات مزید خراب ہوگئے ۔ صدر ویمن ونگ پنجاب نوشین افتخار کو خواتین کی مخصوص نشستوں کی لسٹ پر اختلاف تھا اور انہوں نے اختلافات کے باعث اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کوبھجوا دیا ہے۔
’حکومت میڈیا تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت ہے‘ ، وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے چارج سنبھال لیا
بتایا گیا کہ نوشین افتخار پر مسلم لیگ ن کی پرانی ورکرز کی طرف سے دبائو تھا،پارٹی کی متعدد پرانی خواتین ورکرز نے نوشین افتخار کواس حوالے سے شکایات بھجوائی تھیں۔ فہرست میں ایسی خواتین کے نام بھی شامل تھے جن کا پارٹی سے تعلق نہیں۔
مریم اکرام نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ان کا تعلق مڈل کلاس فیملی سے ہے،کوئی سیاسی بیک گراوئونڈ نہیں۔
مریم اکرام نے بتایا کہ مخصوص نشست پر ایم این اے بننے کے لیے کسی نے ان کی سفارش نہیں کی ،وہ میرٹ پر ایم این اے بنی ہیں۔ میں نے ن لیگ پلیٹ فارم پر اپلائی کیا ، اللہ نے مجھے ایم این اے بنا دیا۔
کبھی ن لیگ جوائن نہیں کی
مریم اکرام نے کہا کہ جو باتیں سوشل میڈیا پر کی جارہی ہیں میرا ان سے کوئی لینا دینا نہیں، جو کہا جارہا کہ میرے ایم این اے بننے میں وفاقی وزیرعطااللہ تارڑ یا وزیراعظم کے پی ایس بدر شہباز کا کوئی کردار ہے تو اس میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی ن لیگ جوائن نہیں کی، ن لیگ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم سپورٹ کیا اور ان کی غلطیوں پر تنقید بھی کرتی رہی ہوں۔
تازہ اطلاعات کے مطابق مریم اکرام نے اسمبلی نشست سے دستبرداری کے لیے الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے۔