اسلام آباد( نئی تازہ نیوز ڈیسک) حکومت پنجاب نےوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورکو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے دورے سے روک دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے خیبرپختونخوا کے محکمہ داخلہ کو ارسال کردہ مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل پر ملک دشمنوں کی جانب سے حملوں کاخدشہ ہے جس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
پنجاب حکومت نے خیبرپختونخوا حکومت کے خط کے جواب میں تحریری مراسلے میں کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث اڈیالہ سمیت مختلف جیلوں میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر عارضی پابندی عائد کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق امن و امان کی صورت حال کے باعث وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا دورہ کسی اور تاریخ تک مؤخر کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: سیکورٹی صورتحال، اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر 2 ہفتے کے لیے پابندی عائد
خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپورکے اڈیالہ جیل راولپنڈی کے دورے کیلئے 12 مارچ کو پنجاب حکومت کو خط ارسال کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت پارٹی کے دیگر رہنما اڈیالہ جیل میں قید ہیں، علی امین گنڈا پورنے بانی پی ٹی آئی سے خیبر پختونخوا کابینہ کی تشکیل کے لیے 5 مارچ کو ملاقات کر کے مشاورت کی تھی۔