اسلام آباد( رپورٹ :حافظ عبید الرحمٰن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے وزارت میں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
منگل کووزارت اطلاعات میں اپنے دفترپہنچنے پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد اور وزارت کے دیگر اعلیٰ افسران کی طرف سے وزیر اطلاعات کا خیرمقدم کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے دروازے صحافی برادری کے لیے کھلے رہیں گے۔ مثبت اور تعمیری صحافت کے فروغ کے ساتھ ساتھ حکومت اور میڈیا کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
عطا اللہ تارڑنے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے کے لیے میڈیا کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے، اس کردار کومزید بہتر طریقے سے نبھانے کی ضرورت ہے۔
عطا اللہ تارڑ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنمائوں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے پارٹی کے مشکل وقت میں میڈیا کے محاذ پرپارٹی کا بیانیہ اجاگر کرنے اور پارٹی پالیسیوں کا دفاع کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ، عطا اللہ تارڑلاہور کے حلقہ این اے 127 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے گذشتہ روز ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔