اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی کابینہ کے ارکان کو محکمے تفویض کردیئے گئے،حکومت نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے،خواجہ آصف وزیردفاع ،اسحاق ڈار وزیر خارجہ ،محسن نقوی وزیر داخلہ اور محمد اورنگزیب وزیر خزانہ ہوں گے۔
وفاقی کابینہ کے ارکان نے پیر کوایوان صدر میں حلف اٹھایا بعد ازاں وزرا کو قلمدان تفویض کرنے کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ۔
نوٹی فکیشن کے مطابق خواجہ محمد آصف وزیر دفاع ہوں گے، انہیں دفاعی پیداوار اور ہوابازی کے اضافی قلمدان بھی سونپے گئے ہیں۔ اسحاق ڈارکو وزیر خارجہ ،محسن نقوی کو وزیر داخلہ اور محمد اورنگزیب کو وزیر خزانہ مقرر کیا گیا ہے۔
احسن اقبال کو منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات جبکہ اویس لغاری کو ریلوے کی وزارت دی گئی ہے، امیر مقام کو سیفران، ثقافت و تاریخی ورثہ جبکہ رانا تنویر حسین صنعت و پیداوار کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کےمطابق قیصر احمد شیخ کو وزیر بحری امور( پورٹس اینڈ شپنگ) مقرر کیا گیا ہے، اعظم نذیر تاررڈ کو قانون وانصاف اور انسانی حقوق کا قلمدان دیا گیا ہے۔
چوہدری سالک حسین کو سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت ملی ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کوسائنس وٹیکنالوجی، وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق محسن نقوی امور داخلہ اور انسداد منشیات کے وزیر ہوں گے، محمد اورنگزیب کو خزانہ اور محصولات کی وزارت دی گئی ہے۔ احد چیمہ کو اقتصادی امور اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا قلمدان دیا گیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق سینیٹر مصدق ملک کووزیر توانائی وپیٹرولیم جبکہ میاں ریاض حسین پیرزادہ کووزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مقرر کیا گیا ہے۔