اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) حکمران اتحاد کے نامزد امیدوار آصف علی زرداری دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہوگئے۔
صدر مملکت کے انتخابات کے لیے قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک پولنگ کا عمل جاری رہا ۔
حکمران اتحاد کی طرف سے نامزد پیپلزپارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوار محمود خان اچکزئی سے تھا، صدر کے انتخاب میں کامیابی کے لیے کیلئے 348 ووٹ درکارتھے۔
آصف علی زرداری کو مجموعی طور پر411 الیکٹورل ووٹ ملے جبکہ محمود خان اچکزئی کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 181 رہی۔
قومی اسمبلی اور سینیٹ سے آصف زرداری کو 255 جبکہ محمود اچکزئی کو 119 ووٹ ملے۔ سندھ، پنجاب اور بلوچستان اسمبلیوں سے آصف علی زرداری کو، جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی سے محمود اچکزئی کوواضح برتری حاصل ہوئی۔ صوبائی اسمبلیوں سے آصف زرداری نے 156 جبکہ محمود اچکزئی نے 62 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے۔
نومنتخب صدر مملکت کی حلف برداری کی تقریب کل اتوار 10 مارچ کو ہو گی، چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ان سے حلف لیں گے۔