راولپنڈی ( نئی تازہ سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 9 کے 23 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 17 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کرلاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کے دوران مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔ رسی وین ڈیر ڈوسن 64 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے ۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے رومان رئیس نے 2 وکٹیں حاصل کیں ،جبکہ نسیم شاہ، حنین شاہ، عمادوسیم، شاداب خان اور فہیم اشرف کو ایک، ایک وکٹ ملی۔
163 رنز کے ہدف کےلیے کھیلتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو اچھا آغاز نہ ملا اور صرف 9 کے مجموعی اسکور پر ایلکس ہیلز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، 38 رنز کے مجموعی اسکور پراسلام آباد یونائیٹڈ کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
73 رنزکے مجموعی سکور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ساتویں وکٹ گرگئی جب اعظم خان 29 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔
نسیم شاہ 27 رنزبناکرجبکہ حنین شاہ 3 اور رومان رئیس 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف آخر تک وکٹ پر موجود رہے اور 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی طرف سے زمان خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی نے 2، ڈیوڈ وائس، جہانداد خان اور احسن حفیظ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
لاہور قلندر کی ٹیم میں فخر زمان، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، رسی وین ڈیر ڈوسن، شائی ہوپ، سکندر رضا، احسن حفیظ بھٹی، ڈیوڈ ویز، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، جہانداد خان، زمان خان اور طیب عباس شامل تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم شاداب خان (کپتان)، ایلکس ہیلز، کولن منرو، سلمان علی آغا، اعظم خان (وکٹ کیپر)، جورڈن کاکس، عماد وسیم، فہیم اشرف، حنین شاہ، نسیم شاہ اور رومان رئیس پر مشتمل تھی۔