اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) قومی اسمبلی میں تمام مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کے بعد مسلم لیگ ن کے ارکان کی مجموعی تعداد 123 ہو گئی ہے ۔
سنی اتحاد کونسل 82 اور پیپلز پارٹی 73 ارکان کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
الیکشن 2024 میں مسلم لیگ ن نے 75 جنرل نشستیں نشستوں پر کامیابی حاصل کی، مسلم لیگ ن میں 9 آزاد ارکان شامل ہوئے، اسے مخصوص نشستوں میں سے خواتین کی 34 اور اقلیتوں کی 5 نشستیں ملی ہیں۔
قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی تعداد 82 ہے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے تحت اسے کوئی مخصوص نشست نہیں ملی، ارکان کی تعداد کے لحاظ سے سنی اتحاد کونسل قومی اسمبلی میں دوسرے نمبر پر ہے
مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کے بعد پیپلز پارٹی کے قومی اسمبلی ارکان کی مجموعی تعداد 73 ہو گئی ہے، پیپلز پارٹی نے 54 جنرل نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی، اسے خواتین کی 16 اور اقلیتوں کی 3 نشستیں ملی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :سعودی عرب، پاکستان سمیت اسلامی ممالک میں رمضان کا چاند دیکھنے کی تاریخ سامنے آگئی
اسی طرح متحدہ قومی موومنٹ کو مخصوص نشستیں ملنے کے بعد اس کے قومی اسمبلی کے ارکان کی مجموعی تعداد 22 ہو گئی ہے، متحدہ قومی موومنٹ نے الیکشن میں 17 جنرل نشستیں جیتیں، اسے خواتین کی 4 مخصوص جبکہ ایک اقلیتی نشست ملی ہے۔
جمیعت علماء اسلام کو مخصوص نشستیں ملنے پر اس کے ارکان کی مجموعی تعداد 11 ہوگئی ہے، جے یو آئی ف نے 6 جنرل نشستیں جیتی ہیں، اسے خواتین کی 4 مخصوص نشستیں اور اقلیت کی 1 نشست ملی ہے۔
قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ق کے ارکان کی تعداد 5 ہے، اس نے تین جنرل نشستوں پر کامیابی حاصل کی، ایک آزاد رکن مسلم لیگ ق میں شامل ہوا، جبکہ خواتین کی ایک مخصوص نشست ملی۔
استحکام پاکستان پارٹی کے ارکان کی مجموعی تعداد 4 ہے، آئی پی پی نے تین جنرل نشستیں جیتیں اور اسے خواتین کی ایک مخصوص نشست ملی۔
مجلس وحدت المسلمین ، مسلم لیگ( زیڈ )، بلوچستان عوامی پارٹی ، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل ، نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی قومی اسمبلی میں ایک ایک نشست ہے۔
قومی اسمبلی میں اس وقت آزاد اراکین کی تعداد 8 ہے، ایک حلقے این اے 8 باجوڑ میں الیکشن نہیں ہوا تھا جب کہ ایک حلقہ این اے 146 (خانیوال) کا نوٹی فیکشن رکا ہوا ہے۔ اس طرح یہ 334 نشستوں کے لحاط سے قومی اسمبلی میں پارٹی پوزیشن ہے۔