اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) سنی اتحاد کونسل نے عمران خان کی ہدایت پرمحمود خان اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کی طرف سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو آصف علی زرداری کے مقابلے میں صدارتی امیدوار نامزد کر دیا گیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل سے جاری پیغام میں سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ محمود خان اچکزئی کی حمایت کریں۔
آصف زرداری پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن اور دیگر اتحادی جماعتوں کے امیدوار ہوں گے تاہم ابھی تک ایم کیو ایم پاکستان نے ان کی حمایت پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 9 مارچ 2024 کو صدارتی انتخاب کرانے کا شیڈول جاری کیا ہے جس کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے 2 مارچ کو دوپہر 12 بجے تک کا وقت دیا گیا ہے۔