دبئی( نئی تازہ رپورٹ) سعودی عرب، پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کر لیے گئے۔ زیادہ تر عرب ممالک اتوار 10 مارچ 2024 ( بمطابق 29 شعبان) کو چاند دیکھنے لے لیے اجلاس منعقد کریں گے۔
عالمی میڈیا کے مطابق عرب اسلامی ممالک میں 10 مارچ کو رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس ہوں گے اورچاند کی رویت بارے شہادتیں جمع کی جائیں گی۔
عالمی ماہرین فلکیات نے اس حوالے سے کہا ہے کہ اس دن مرکزی کنکشن صبح 9 بجے ہوگا، اس لیے 10 مارچ کو زیادہ تر اسلامی ممالک میں سورج غروب ہونے کے بعد ہی چاند کے نمودار ہونے کی امید ہے۔ جس کا نطر آنا ممکن نہیں ہو گا۔ اس لیے پہلا روزہ 11 مارچ کو ہونے کا امکان کم ہے۔
مشہور ماہرین فلکیات ابن طارق، ووتھرنگھم، ماؤنڈر، پروین اور الیاس متفق ہیں کہ 10 مارچ یعنی 29 شعبان کوعرب ممالک میں چاند آنکھ یا دوربین سے نہیں دیکھا جا سکے گا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق اسلامی ممالک میں 11 مارچ کو 30 شعبان مکمل ہونے کے بعد رمضان المبارک کا آغازمنگل 12 مارچ سے متوقع ہے۔ تاہم اس حوالے سے فیصلہ متعلقہ ممالک کے مذہبی اورحکومتی اداروں کی طرف سے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں پیر 11 مارچ کو شعبان کی 29 تاریخ ہو گی اور اس روز چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہو گا۔ چاند نظر آنے کی صوت میں پاکستان میں پہلا روزہ منگل 12 مارچ کو ہو گا ۔ جبکہ چاند نظر نہ آنے پر 30 شعبان مکمل ہونے کے بعد یکم رمضان بدھ 13 مارچ کو ہو گی۔ چاند نظر آنے یا نہ آنے سے متعلق حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔