اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) نگران حکومت نے رخصتی سے قبل پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 13 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا۔ دیگرپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی ردوبدل، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مارچ 2024 سے ہوگا۔
وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا اعلان کیا ہے، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 13 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 279روپے 75پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی موجودہ قیمت 287روپے 33پیسے فی لیٹر پر برقرارا رہے گی جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپیہ44 پیسےکا اضافہ کیا گیا ہے اس طرح نئی قیمت 190روپے ایک پیسہ فی لیٹر ہو گئی ہے۔
حکومت کی طرف سے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی ہے اورفی لیٹر ایک روپیہ 14 پیسے کی کمی کے بعد اب لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 170 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مارچ سے پندرہ روز کے لیے ہوگا۔
واضح رہے کہ نگران حکومت کی رخصتی میں صرف چند روز باقی ہیں ، 29فروری کو قومی اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے اور اسپکر اور نئے وزیر اعظم کا انتخاب چند روز میں ہو جائےگا۔
بتایا گیا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی مارکیٹ کی قیمتوں، درآمدی پریمیم اور شرح مبادلہ میں ردوبدل کی وجہ سے کیا ہے۔
اس سے قبل اطلاعات ملی تھیں کہ پیٹرولیم مصنوات کی قمتوں میں یکم مارچ 2024 سے کمی کا امکان ہے تاہم گزشتہ چند روز میں عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔