بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) اورجاز کیش کے درمیان مستحق افراد میں رقوم تقسیم کرنے کیلئے شراکت داری کا معاہدہ طے پا گیا۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم اب جاز کیش سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ شراکت داری معاہدے کے تحت جاز کیش ملک بھرمیں اپنے ایجنٹس اور ریٹیلرز کے ذریعےبی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے 13 لاکھ افراد کو رقوم کی فراہمی میں سہولت فراہم کرے گا۔
جاز کیش کے JazzCash سی ای او عامر ابراہیم کے مطابق بی آئی ایس پی BISP کے اشتراک سے ہم پاکستانی خواتین کی معاشی حالت کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں۔ جاز کیش کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات تک رسائی فراہم کی جائے گی تاکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والی خواتین کو خودمختار بنایا جاسکے۔
بی آئی ایس پی پاکستان میں سماجی تحفظ کا سب سے بڑا پروگرام ہے جوملک بھر کی 90 لاکھ سے زائد خواتین کو مالی امداد فراہم کررہاہے ۔ان خواتین کو 3 سال تک 10,500 روپے فی سہ ماہی نقد بطورامدادی رقم فراہم کی جائے گی۔ شراکت داری معاہدے کے تحت جاز کیش بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے کواتین کو نقد رقم وصول کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمین کے لیے ریٹائرمنٹ کی عمر62 سال ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رضا مند
جاز کیش پورے ملک بالخصوص سندھ ،بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے پسماندہ اضلاع میں رقوم تقسیم کرے گا۔ معاہدے کے بعد اب بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم جاز کیش سے حاصل کی جاسکتی ہے ۔ذرائع کے مطابق جاز کیش اکائونٹ رکھنے اور نہ رکھنے والی خواتین بی ائی ایس پی کی رقوم حاصل کر سکیں گی جس کے لیے بائیو میٹرک تصدیق ( انگوٹھے یا انگلیوں کے نشان) کی ضرورت ہوگی۔