اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان میں یکم مارچ 2024 سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور نئی حکومت کے قیام کے پیش نظر توقع ہے کہ صارفین کو یکم سے 15 مارچ کے دوران پیٹرول اور ڈیزل قیمتوں میں 7 سے 10 روپے فی لیٹر ریلیف ملے گا ۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) سمیت تمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مارچ کی پہلی تاریخ سے اگلے پندرہ دن کے لیے تقریباً 7 سے 10 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے فی الحال یٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا فیصلہ نہیں کیا ہے اور حتمی اعلان 29 فروری کی رات کیا جائے گا۔ تاہم توقع ہے کہ مارچ 2024 کے پہلے پندرہ روز میں پیٹرول کی قیمتوں میں تقریباً 7 روپے فی لیٹر کمی واقع ہوگی۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی
ایک روز قبل برینٹ خام تیل کی قیمت 81.27 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکہ کے ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی مستقبل کی قیمتوں میں 0.5 فیصد کمی واقع ہوئی جو 76.14 ڈالر فی بیرل تک آگئیں۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق گزشتہ ہفتے سے ہونے والی تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ امریکی ڈالر کی مضبوطی ہے۔
واضح رہے کہ 16 فروری 2024 سے پاکستان میں نگران حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 73 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 275 روپے 62 پیسے ہو گئی تھی۔ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 8 روپے 37 پیسے فی لیٹر اضافہ سے 287 روپے 33 پیسے مقرر کی گئی تھی۔